کراچی: عید الفطر پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی پلان مرتب کر لیا گیا، شہر قائد میں نمازِ عید پر 1367 اجتماعات کی سیکیورٹی پر 15 ہزار پولیس اہل کار تعینات ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے شہر میں عید کے موقع پر سخت سیکورٹی پلان مرتب کر لیا ہے، موبائل اور موٹر سائیکل پر مامور اہل کار اضافی طور پر تعینات ہوں گے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سندھ کی دیگر پولیس رینج میں 20 ہزار 700 اہل کار تعینات ہوں گے، آئی جی سندھ نے مساجد، عید گاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید سے قبل کلیئرنس کی ہدایت کر دی۔
آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے محکمے کو ہدایت کی ہے کہ امن کی صورت حال کو کنٹرول میں رکھنے کے تمام تر امور کو یقینی بنایا جائے۔
انھوں نے احکامات جاری کر دیے ہیں کہ ڈیوٹی پوائنٹس کو کسی بھی صورت خالی نہ چھوڑا جائے۔ آئی جی سندھ نے عید کے تینوں دن ٹریفک کی بلا تعطل روانی کی بھی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عید قریب آتے ہی کراچی میں ڈکیتیوں کی واردات میں اضافہ ہوگیا
خیال رہے کہ عید قریب آتے ہی شہر قائد میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافہ ہو گیا ہے، چند دن قبل کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن اقبال مارکیٹ میں دکان پر ڈکیتی کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوئے جن میں ایک زخمی دم توڑ گیا۔
گلشن اقبال پولیس نے کارروائی کے دوران دو اسٹریٹ کرمنل گرفتار کیے، ملزمان سے اسلحہ، موٹر سائیکل اور چھینے گئے موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل شہر قائد میں سائٹ سپر ہائی وے پولیس موبائل پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کیا تھا، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا تھا۔