امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے حکام نے سکیورٹی وجوہات کے باعث امریکی شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ موسمِ بہار کی تعطیلات میں میکسیکو جانے سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیکساس محکمہ عوامی سلامتی نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ میکسیکو میں منشیات فروش جتھوں کی وجہ سے ہونے والے پُر تشدد واقعات اس ملک کی سیاحت کرنے والے ہر شخص کے لئے شدید خطرہ ہیں۔
محکمہ عوامی سلامتی کے منتظم ‘سٹیو میک کراو’نے میکسیکو کے پُر تشدد واقعات اور منشیات فروش جتھوں کی کاروائیوں کی طرف توجہ مبذول کروائی اور کہا ہے کہ "ہم، لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ان دنوں میکسیکو کی سیاحت سے پرہیز کیا جائے”۔
واضح رہے کہ مذکورہ وارننگ گذشتہ ہفتے میکسیکو میں داخل ہونے سے مختصر مدت کے بعد اغوا کیے گئے 4 امریکی شہریوں کے واقعے کے بعد دی گئی ہے۔ مذکورہ مغویوں میں سے 2 مردہ اور 2 زندہ امریکہ واپس لوٹے تھے۔
علاوہ ازیں ملبوسات فروخت کرنے کے لئے میکسیکو جانے والی 3 امریکی عورتیں بھی گزشتہ 2 ہفتوں سے لاپتہ ہیں۔