سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ ایران علاقے سیستان میں 8 پاکستانیوں کے بہیمانہ قتل میں بلوچ دہشت گرد تنظیمیں ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل نے کئی سوالات اٹھا دیئے، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اطلاعات کے مطابق حملہ آور رات کے وقت دکان میں داخل ہوئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزمان نے مقتولین کے ہاتھ پاؤں باندھے اور فائرنگ کر کے قتل کر دیا، یہ قتل عام کسی عمومی واردات کا حصہ نہیں بلکہ سوچا سمجھا دہشتگرد حملہ تھا اور اس طرح کے بہیمانہ قتل میں بلوچ دہشت گرد تنظیمیں ملوث ہیں۔
یہ پڑھیں: ایران میں 8 پاکستانیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے ثابت ہوتا ہےکالعدم بلوچ دہشتگرد تنظیموں کی ایران میں محفوظ پناہ گاہیں ہیں، یہ دردناک واقعہ ثابت کرتا ہے ایران دہشتگردوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوری میں بھی سیستان میں دہشتگردوں نے متعدد پاکستانی مزدوروں کو قتل کیا تھا، آپریشن مرگ برسر مچار میں ایران میں موجود دہشت گردوں کو نشانہ بنا کر جہنم واصل کیا گیا تھا۔
تاہم اب گزشتہ روز ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں نے 8 پاکستانی شہریوں کو بہیمانہ طریقے سے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، تمام آٹھوں مکینکس کو انہی کے ورکشاپ میں ہاتھ پیر باندھ کر گولیاں ماری گئی تھیں۔