پاکستان سے اپنے چار بچوں سمیت نیپال کے راستے بھارت فرار ہونے والی سیما حیدر اور ان کے بھارتی شوہر سچن بیٹی کے والدین بن گئے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں سیما حیدر نے پیر اور منگل کی درمیان شب بیٹی کو جنم دیا، وہ کرشنا اسپتال میں داخل ہیں۔ سیما پہلے شوہر غلام حیدر سے چار بچوں کی ماں ہیں تاہم یہ سچن سے ان کی پہلی اولا ہے۔
سچن کے اہل خانہ نے بیٹی کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت مند ہیں اور جلد ہی انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سیما حیدر کا اپنے یوٹیوب چینلز اور آمدن سے متعلق حیران کن دعویٰ
خاتون کے وکیل اے پی سنگھ نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش جوڑے کی زندگی میں ایک نیا باب ہے، وہ نوزائیدہ کیلیے بھارتی شہریت کیلیے درخواست دیں گے۔
میاں بیوی نے اب تک نومولود کا نام نہیں رکھا، تاہم خاندانی ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں باقاعدہ ایک تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔
وکیل اے پی سنگھ نے کہا کہ جوڑا بیٹی کے نام کیلیے سوشل میڈیا پر لوگوں سے تجاویز بھی لے گا۔
چار بچوں کی ماں سیما حیدر اور سچن کی دوستی آن لائن ویڈیو گیم کے ذریعے ہوئی تھی۔ 2023 میں پاکستانی خاتون سچن کے ساتھ رہنے کیلیے اپنے بچوں سمیت نیپال کے راستے غیر قانونی طور پر بھارت میں ہوئی تھیں۔
میاں بیوی کو جولائی 2023 میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن بعد میں انہیں ضمانت مل گئی تھی۔
اس سال کے شروع میں خاتون کے پہلے شوہر غلام حیدر نے بھارتی حکومت سے بچوں سے ملنے اور حوالگی کا مطالبہ کیا تھا۔