سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے پاکستان ٹیم کی پے در پے شکستوں پر سلیکشن کمیٹی کو ایک بار پھر آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
پاکستان کے سابق اسٹائلش ٹیسٹ کرکٹر اور موجودہ تجزیہ کار باسط علی نے نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں وائٹ واش پر قومی سلیکشن کمیٹی سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
باسط علی نے اپنے یو ٹیوب چینل پر سلیکشن کمیٹی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ علیم ڈار، عاقب جاوید، اسد شفیق، اظہر علی اور حسن چیمہ پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کو معلوم ہی نہیں کہ ٹیم کیسے تیار کی جاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے اب تک پاکستان ٹیم نے فلاپ شو ہی پیش کیا۔ ایک ٹماٹر بیچنے والے کو بھی سلیکشن سے متعلق شعور ہے اور وہ سوال پوچھتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم میں اسپنرز کیوں شامل نہیں کیے گئے۔
انہوں نے عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید سمیت پوری سلیکشن کمیٹی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا کہ اگر یہ لوگ مشزید رہے تو ہم بنگلہ دیش سے بھی آنے والی سیریز ہار جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کی شکستوں کا تسلسل جاری ہے۔ پاکستان میں سہ فریقی ٹورنامنٹ کے بعد آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بدترین کارکردگی کے بعد دورہ نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار ایک سے شکست کے بعد ون ڈے سیریز میں وائٹ واش نے شائقین کرکٹ اور سابق کرکٹر کا غصہ بڑھا دیا ہے۔