کراچی : ملک کے مختلف شہروں میں چھینا جھپٹی کی وارداتیں روز کا معمول ہیں بہت کم لوگ ایسے ہوں گے جن کو راہ چلتے یا گاڑی پر جاتے ہوئے کسی لٹیرے نے نہ لوٹا ہو۔
اس ملک کا صرف عام شہری ہی نہیں بلکہ نامور شوبز شخصیات بھی ایسی چھینا جھپٹی کی وارداتوں میں تکلیف سے گزرچکی ہیں اور اپنے قیمتی موبائل فون سمیت نقدی سے بھی محروم ہو جاتی ہیں۔
ایک ایسا ہی اپنے ساتھ گزرا ہوا واقعہ فلم اور ٹی وی کے نامور مزاحیہ اداکار احمد علی بٹ نے سنایا، اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مدعو تھے۔
احمد علی بٹ نے بتایا کہ ان دنوں میرے پاس ایک نئے ماڈل کا موبائل ہوا کرتا تھا جو فیشن میں بھی تھا، میں لاہور میں گھر کے پاس ہی چہل قدمی کرتے ہوئے فون پر بات بھی کررہا تھا کہ دو افراد موٹرسائیکل پر میرے ساتھ آکر رکے۔
میں سمجھا کہ شاید وہ مجھ سے آٹو گراف لینے یا سیلفی لینے کی خواہش کا اظہار کریں گے، فون سے توجہ ہٹا کر جب میں نے ان کو دیکھا تو ایک ملزم نے پستول لوڈ کرکے میرے سر پر رکھ دی اور کہا کہ موبائل دے دو۔
احمد علی بٹ کا کہنا تھا کہ میں سکتے کے عالم میں تھا سوچ رہا تھا کہ یہ ہوا کیا لیکن ساتھ ہی یہ بھی سوچ رہا تھا کہ یہ سیلفی لینے کیوں نہیں آیا بہت دیر بعد جاکر یہ یقین آیا کہ میرا قیمتی موبائل چھن چکا ہے۔