جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

سیلفی نے نوجوان لڑکی کی جان لے لی

اشتہار

حیرت انگیز

دبئی: ایڈونچر سے بھرپور اور حیرت انگیز سیلفی لینے کی کوشش میں ایک اور نوجوان لڑکی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی میں نوجوان لڑکی 17 ویں منزل پر اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے سیلفی لینے کی کوشش میں توازن قائم نہیں رکھ سکی اور نیچے گر کر ہلاک ہوگئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق دبئی میں شیخ زاید شاہراہ پر واقع کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کے 17 ویں منزل کے فلیٹ پر مقیم ایشیائی لڑکی نے کھڑکی کے نزدیک کرسی رکھی اور اس پر چڑھ کر اس طرح سیلفی لینے کی کوشش کی جس سے عقب میں پورا شہر نظر آجائے۔

- Advertisement -

اس کوشش میں لڑکی لڑکھڑائی اور سیدھے نیچے آن گری، 17 ویں منزل سے نیچے گرنے پر جواں سال لڑکی کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔

اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ لڑکی کو سیلفی لینے کا شوق تھا اور روز ہی کوئی نہ کوئی سیلفی لے کر رشتہ داروں کو بھیجتی رہتی تھی اس بار بھی شہر کے حسین منظر کو اپنے عقب میں عکس بند کرنے کی کوشش میں کھڑکی سے نیچے گر گئی۔

سیلفی لینے کا جنون، دلہن سمیت تین افراد دریا میں‌ ڈوب کر ہلاک

یہ سیلفی کی شوقین پہلی لڑکی نہیں بلکہ اس سے قبل بھی درجنوں منچلے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سیلفیاں لیتے ہوئے اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 8 اکتوبر کو بھارت میں نوبیاہتا دلہن سمیت تین افراد سیلفی لینے کے جنون میں دریا میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں