اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس میں نگراں وزیر داخلہ اعظم خان نے بتایا کہ کچھ لیڈرز کی جان کو خطرہ ہے جس کا نیکٹا کے ذریعے بتایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ نگراں وزیر داخلہ اعظم خان نے اجلاس کو پشاور حملے پر بریفنگ دی۔
اعظم خان نے بتایا کہ ہارون بلور کے پہنچنے پر آتش بازی ہو رہی تھی، اسی دوران دھماکہ ہوا۔ خودکش دھماکے میں 22 افراد شہید اور 75 زخمی ہوئے۔ دھماکے میں ہارون بلور کا گن مین بھی شہید ہوا۔
نگراں وزیر داخلہ نے بتایا کہ کچھ لیڈرز کی جان کو خطرہ ہے جس کا نیکٹا کے ذریعے بتایا گیا۔ ہارون بلور کی جان کو خطرہ نہیں تھا۔ سیاسی رہنماؤں کو سیکیورٹی خطرات موجود ہیں۔
سینیٹر رضا ربانی نے وزیر داخلہ کی بریفنگ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ معذرت لیکن وزیر داخلہ نے جو معلومات دیں وہ ناکافی ہیں۔
انہوں نے پوچھا کہ 200 سے زائد کالعدم تنظیموں کے لوگوں کو الیکشن کی اجازت کیسے ملی؟
سینیٹ نے ہارون بلور پر حملے کی تمام ایجنسیز سے رپورٹ طلب کرلی۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔