کراچی:سابق صدر آصف زرداری نے نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ، جس میں نوازشریف نے زرداری کو یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلا دیا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی کو کامیاب کرانے کیلیے متحرک ہیں ، اس سلسلے میں آصف علی زرداری اور نوازشریف کےدرمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، جس میں دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم پلیٹ فارم پرسینیٹ انتخابات سےمتعلق گفتگو کی۔
ٹیلی فونک رابطے میں نواز شریف نے سینیٹ انتخاب میں یوسف رضاگیلانی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا ، گفتگو میں سیاسی صورت حال ،سینٹ الیکشن اور لانگ مارچ پرتبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں رہنماؤں میں خیبر کے پی و دیگر صوبوں سے سینیٹ امیدواروں پر مشاورت ہوئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان لانگ مارچ کےطریقہ کار اور حکمت عملی پر بھی بات چیت کی گئی اور یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی۔
یاد رہے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا تھا کہ یوسف رضاگیلانی نے پہلے فیصلہ کیا تھا سینیٹ الیکشن نہیں لڑیں گے کیونکہ وہ سمجھتےتھےوہ ہارگئےتو ان کی سیاست کونقصان ہوگا، یوسف رضاگیلانی کوآصف زرداری نےضمانت دی کہ آپ جیتیں گے ان کو زیادہ ووٹ ملیں گے۔