اسلام آباد : سینیٹ کی خالی نشست پر انتخاب آج ہوگا، صوبائی اسمبلی کے تین سو چون ارکان حصہ لیں گے، پیپلز پارٹی کے اراکین نون لیگ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفیٰ کے باعث پنجاب سے خالی ہونے والی سینیٹ کی نشست پر بدھ کو صوبائی اسمبلی کے تین سو چون ارکان حصہ لیں گے۔
تحریک انصاف کے ڈاکٹر شہزاد وسیم اور نون لیگ کے خواجہ احمد حسان مدمقابل ہیں۔ پیپلز پارٹی نے نون لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کے تین سو چون ارکان بدھ کو گورنر پنجاب چوہدری سرور کے استعفے کے باعث خالی ہونے والی نشست پر سینیٹرمنتخب کریں گے۔
تحریک انصاف نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ ڈاکٹر شہزاد وسیم جبکہ نون لیگ نے اپنے مرکزی رہنما خواجہ احمد حسان کو ٹکٹ جاری کیا ہے ۔ پیپلز پارٹی اس نشست پر نون لیگ کی حمایت کررہی ہے۔
تحریک انصاف کے امیدوار کو نون لیگ کے امیدوار کی نسبت انیس ووٹوں کی برتری حاصل ہے۔ لیکن نون لیگ پی پی کی حمایت کے ساتھ ایک بڑے مقابلے کی توقع کررہی ہے۔
بدھ کی صبح دس بجے شروع ہونے والی پولنگ شام چار بجے تک بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گی۔ تحریک انصاف کو اپنے حمایتیوں سمیت ایک سو پچاسی ، نون لیگ کو پی پی کے ارکان کے ساتھ ایک سو چھیاسٹھ کی حمایت حاصل ہے جبکہ تین آزاد ارکان بھی حق رائے دہی استعمال کریں گے۔