اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

سینیٹ انتخابات: جماعت اسلامی کا سندھ اور مرکز کے سلسلے میں بڑا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ایوان بالا کے انتخابات کے سلسلے میں جماعت اسلامی نے سندھ اور مرکز میں سینیٹ انتخاب سے غیر حاضر رہنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے نومنتخب سینیٹر اعجاز چوہدری اور رہنما جماعت اسلامی امیر العظیم کے درمیان آج لاہور میں اہم ملاقات ہوئی ہے، اس سلسلے میں اعجاز چوہدری نے بتایا کہ امیر العظیم سے ملاقات نہایت نتیجہ خیز رہی۔

ملاقات کے بعد جماعت اسلامی نے سندھ اور مرکز میں سینیٹ انتخاب سے غیر حاضر رہنے کا اعلان کر دیا، پنجاب سے نو منتخب سینیٹر اعجاز چوہدری نے سینیٹ انتخابات میں تعاون کی اپیل کی تھی تاہم جماعت اسلامی نے تعاون اور حمایت سے انکار کر دیا۔

دونوں رہنماؤں میں یہ ملاقات منصورہ میں ہوئی، جس کے بعد امیر العظیم نے کہا کہ ہم خیبر پختون خوا کی حد تک پی ڈی ایم کا ساتھ دیں گے، اور کے پی میں پی ڈی ایم ہماری خاتون امیدوار کو ووٹ دے گی، جب کہ ہم جنرل، ٹیکنوکریٹ اور اقلیتی نشست پر ان کو ووٹ دیں گے۔

سینیٹ الیکشن: جماعت اسلامی نے کے پی میں پی ڈی ایم سے ہاتھ ملا لیے

رہنما جماعت اسلامی نے کہا اسلام آباد اور سندھ میں جماعت اسلامی انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی، اور اپوزیشن سے ہماری ایڈجسٹمنٹ صرف خیبر پختون خوا تک محدود رہے گی۔

یاد رہے کہ ہفتے کو کراچی میں پی ٹی آئی، جی ڈی اے وفود نے جماعت اسلامی کے مرکز ادارہ نور حق کا دورہ کیا تھا اور جماعت اسلامی سے سینیٹ الیکشن میں حمایت کی درخواست کی گئی تھی، امیر جماعت کراچی حافظ نعیم نے کہا تھا کہ فیصلہ مرکز سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وفود میں سیف اللہ ابڑو، فدا حسین نیازی اور پیر صدرالدین شاہ راشدی شامل تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں