پشاور: تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ امیدواروں کے نام فائنل کرلیے، پی ٹی آئی کی جانب سے 12 نشستوں پر11امیدوار میدان میں اتریں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی جانب سے 12 نشستوں پر11امیدوار میدان میں اتریں گے، پی ٹی آئی کے 7جنرل نشستوں پر 6امیدوار الیکشن لڑیں گی، عمومی نشستوں پر محسن عزیز اور شبلی فراز پارٹی امیدوار ہوں گے۔
اس کے علاوہ ذیشان خانزادہ، فیصل سلیم، لیاقت ترکئی اور تاج محمد آفریدی بھی عمومی نشستوں کے امیدار کے طور پر سینیٹ الیکشن کے میدان میں اتریں گے۔
ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر ڈاکٹر ہمایوں کو پی ٹی آئی کا امیدوار بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف کی خواتین نشستوں پر ثانیہ نشتر اور فلک ناز چترالی امیدوار ہوں گی۔ جبکہ اقلیتی نشست پر گردیب سنگھ پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار بنائے گئے ہیں۔
سینیٹ انتخابات: بلوچستان سے حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی فہرست جاری کی گئی، صوبے سے الیکشن میں 36 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
بلوچستان سے سینیٹ انتخابات میں 36امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ سینیٹ کی 7 عمومی نشستوں پر18 امیدوار مد مقابل ہیں۔ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر4 جبکہ خواتین کی 2 نشستوں پر 9امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ اقلیت کی ایک نشست پر 5 امیدواروں میں مقابلہ متوقع ہے۔