اسلام آباد: سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا ہے کہ سال 19-2018 میں سینیٹ نے 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور کیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز و دیگر سینیٹرز نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹ کی سال 19-2018 کی سالانہ پارلیمانی رپورٹ پیش کی۔
قائد ایوان شبلی فراز کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ مسجد پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، شہدا بالخصوص پاکستانیوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سینیٹ کی ایک سالہ کارکردگی سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں، 4 ماہ حکومت نہ ہونے سے سینیٹ میں قانون سازی کم ہوئی۔ سینیٹ نے 20 سرکاری بل اور 322 قراردادیں منظور کی ہیں۔
سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ سینیٹ میں ایک سال کے دوران 4 ہزار سوالات ہوئے، اپوزیشن نے قانون سازی کے حوالے سے تعاون کیا ہے۔ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کا بل اتفاق رائے سے منظور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترمیم کا بل اتفاق رائے سے منظور کیا جائے گا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن قوانین تبدیل نہیں کرسکیں۔ قوانین اتفاق رائے سے تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ پلی بارگین اور چیئرمین نیب کے اختیارات کے قانون میں ترمیم چاہتے ہیں، نیب قوانین میں ترمیم سے ادارے کی صلاحیت کو بڑھانا ہوگا۔