جمعہ, اپریل 25, 2025
اشتہار

سینیٹ میں بھارت کے الزامات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : سینیٹ میں بھارت کے الزامات کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، جس میں بھارت کے تمام الزامات مسترد کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق چئیرمین یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ اجلاس کی صدارت کی ، ایوان میں معمول کی کاروائی معطل کی گئی۔

نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے بھارتی اقدامات کے خلاف قرارداد پیش کی، قرارداد میں دہشت گردی کی تمام اشکال کی شدید مذمت کی گئی۔

جس میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بے گناہ شہریوں کا قتل پاکستانی اقدار کے خلاف ہے، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

قرارداد میں کہنا تھا کہ بھارت کی من گھڑت مہم، جھوٹے پروپیگنڈے کی سینیٹ نے مذمت کی اور بھارت کا انڈس واٹر معاہدہ معطل کرنا جنگی اقدام کے مترادف قرار دیا گیا۔

متن میں کہا گیا کہ پاکستان ہرقسم کی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور پاکستانی قوم امن کی حامی، خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں۔

مزید پڑھیں : کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی جیسا جواب دیں گے، اسحاق ڈار کا بھارت کو پیغام

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بھارتی دہشت گردی کا احتساب کیا جائے، بھارتی حکومت بدنیتی پر مہم چلا رہی ہے۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے قرارداد پیش کرتے ہوئے اظہار خیال میں کہا کہ کسی نے بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو وہ جان لے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں، قومی سلامتی نے بھی کہا ہے کہ کہا پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کی طرف سےپاکستان کو مورد الزام ٹھہرانا افسوسناک ہے، پہلگام میں سیاحوں کی ہلاک پر ہمیں تشویش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو یکسرمسترد کرتے ہیں، سندھ طاس معاہدہ پاکستان کے 24 کروڑعوام کی لائف لائن ہے۔

اہم ترین

زاہد مشوانی
زاہد مشوانی
زاہد حسین مشوانی اے آر وائی نیوز کے سینئیر صحافی ہیں ،پارلیمنٹ ،انتخابات ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کے علاوہ مذہبی اور سیاسی امور پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں