اسلام آباد : کیپپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے فارم ہاؤسز سربمہر جبکہ ان کی اہلیہ کو نوٹس جاری کردیے۔
تفصیلات کے مطابق فارم ہاؤسز میں غیرقانونی تعمیرات پر سی ڈی اے نے اعظم سواتی کی اہلیہ کو نوٹس جاری کردیے ہیں جبکہ نوٹس پر عمل نہ کرنے پر اعظم سواتی کے فارم ہاؤسز کو سیل کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی کا فارم ہاؤس نمبر71سیل کیا گیا، اس کے علاوہ فارم ہاؤس13،34 اور35 کو بھی سیل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سی ڈی اے نے دیگر فارم ہاؤسز سے غیرقانونی تعمیرات گرانے کیلئے نوٹس بھی جاری کیا ہے، اعظم سواتی کی اہلیہ کو نوٹس سی ڈی اے شعبہ بلڈنگ کنٹرول کی جانب سے بھیجا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فارم ہاؤسز میں دو بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور گارڈز روم غیرقانونی طور پر بنائے گئے، 7روز کے اندرغیرقانونی تعمیرات کو گرایا جائے، بصورت دیگر فارم ہاؤس خالی کیا جائے۔
نوٹس کی تعمیل نہ ہونے پر سی ڈی اے ازخود تعمیرات کو گرادے گا، نوٹس پرعمل نہ ہونے کی صورت میں سی ڈی اے بھاری جرمانہ بھی عائد کرسکتا ہے۔