سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ پہلے ہی کہا تھا کہ فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں نہیں آئے گا۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مخصوص نشستوں کیس کے فیصلے پر سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ قانونی طور پر سپریم کورٹ آئینی بینچ کا فیصلہ بالکل درست آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا کہ فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں نہیں آئے گا، کیس میں کوئی جان نہیں تھی، قانونی طور پر درست فیصلہ آیا ہے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جو محاذ آرائی کی سیاست تھی انہوں نے پارٹی کو تباہ کردیا ہے، وہ لوگ جو بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنا چاہتے تھے انہوں نے پارٹی تباہ کردی۔
یہ پڑھیں: تحریک انصاف مخصوص نشستوں سے محروم، سپریم کورٹ نے فیصلہ سنا دیا
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ موجودہ پی ٹی آئی والے ویسے ہی سمجھوتہ کرنے والے ہیں تو وہ کوئی مزاحمت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت آگئی ہے، قانون سازی کرسکتی ہے۔
دوسری جانب ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا تھا پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی، پشاور ہائی کورٹ کے فل بینچ نے فیصلہ دیا جسے چیلنج کیا گیا تھا، آئینی بینچ نے اسی فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 5 کے مقابلے میں 7 کی اکثریت سے نظر ثانی درخواستیں منظور کرلیں اور پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔