اسلام آباد: سیشن عدالت نے تھانہ مارگلہ کے مقدمے میں سینیٹر فیصل جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روکتے ہوئے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق سیشن عدالت میں تھانہ مارگلہ کے مقدمے کی سماعت ہوئی، سینئر سول جج قدرت اللہ نے سماعت کی۔
فیصل جاوید اپنے وکلاسردار مصروف اور دیگر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پراسیکیوٹر سمیع اللہ جسرا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے سینیٹر فیصل جاوید کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی روکتے ہوئے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کردیئے اور فرد جرم عائد کرنے کیلئے 13 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر فردجرم عائد کرنے کی کارروائی ہوگی، سینیٹر فیصل جاوید کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔
یاد رہے 2 روز قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید اپنی روپوشی ختم کرتے ہوئے منظر عام پر آگئے ہیں۔ اس دوران وہ پہلے سے کافی مختلف نظر آئے جبکہ ان کے چہرے پر داڑھی کا اضافہ ہوچکا تھا۔
انھوں نے اسلام آباد میں درج مقدمے میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست کی تھی۔