سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کو بلندی پر لے جائیں گے اس میں شک نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ جس طریقے سے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کردار نبھایا ہے وہ عہدے کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو جس طرح منہ توڑ جواب دیا گیا ہے دنیا تعریف کررہی ہے، امریکا کے ساتھ تعلقات بہت بہتر ہوگئے ہیں، ٹریڈ بھی اوپر جائے گی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور معیشت کے لیے فیلڈمارشل عاصم منیر کی خدمات ہیں، کوئی دو رائے نہیں خطے میں طاقت کا توازن بدلنے کا سہرا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ہی جاتا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل قابل انسان ہیں وہ عہدے کے مستحق ہیں، پوری قوم عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتی ہے۔
پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کا اعزاز شہدا اور غازیوں کے نام کر دیا۔
بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص میں اعلیٰ حکمت عملی بنانے اور دشمن کو شکست سے دوچار کرنے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے انہیں فیصلے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ ائیر چیف کی مدت ملازمت پوری ہونے پر ان کی خدمات کو جاری رکھنےکا بھی متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
فیلڈمارشل عاصم منیر نے کہا کہ اعزاز ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں، یہ اعزاز قوم، افواج، خاص کر سول وملٹری شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور کابینہ کے اعتماد کا شکر گزار ہوں، اعزاز قوم کی امانت ہے جس کو نبھانے کیلئے لاکھوں عاصم بھی قربان! یہ انفرادی نہیں بلکہ افواج پاکستان اور پوری قوم کے لئے اعزاز ہے۔