اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے تصدیق کی گئی کہ پولیس نے سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کیا اور نامعلوم مقام پر لے گئے۔ پی ٹی آئی نے سیف اللہ نیازی اور سابق صوبائی وزیر محمود الرشید کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد مشتعل مظاہرین نے ملک کے مختلف شہروں میں نجی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔
بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشتعل مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کو بھی حراست میں لیا تھا۔ شاہ محمود قریشی، اسد عمر، فواد چوہدری، یاسمین راشد سمیت متعدد رہنما گرفتار ہیں۔
سیف اللہ نیازی کی گرفتاری سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کے پھوپھو زاد بھائی اور سکیورٹی کے اہم رکن احمد نیازی کے میانوالی میں گھر پر چھاپہ مارا تھا لیکن وہ موجود نہیں تھے۔ پنجاب پولیس نے چھاپے کی فوٹیج بنانے والے 16 سالہ لڑکے کو حراست میں لیا جبکہ احمد نیازی کے گھر کا سارا سامان تہس نہس کر دیا۔