لاہور : جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹرز کے آنے سے بھارت کو بہت پریشانی ہے،خوش نصیبی ہے کہ مجھے تاریخی میچ دیکھنے کا موقع ملا، پاکستان میں کرکٹ کی واپسی سے دنیا میں بہت مثبت پیغام گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق آزادی کپ کافائنل میچ دیکھنے کیلئے قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو ان کو دیکھ لوگوں نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ صدر اور وزیراعظم یہاں میچ دیکھنے نہیں آئے،ان کی قسمت میں یہ موقع نہیں تھا، خوش نصیب ہوں کہ مجھے یہ تاریخی میچ دیکھنے کا موقع ملا، قوم بھی پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹر کے آنے پر بہت خوش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی سے دنیا میں بہت مثبت پیغام گیا، وی آئی پی کلچر کا ہرجگہ سے خاتمہ ہونا چاہیے، جن کےپاس ٹکٹ ہیں انہیں میچ دیکھنے کا حق ہے۔
انتظامیہ سیکیورٹی کے نام پر شائقین کرکٹ کو بےجاتنگ نہ کرے، صرف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہونی چاہیئے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کاالمیہ ہے کہ یہاں شخصیات مضبوط اور ادارے کمزور ہیں، ترقی کے لئے ہمیں آئین ،قانون اور اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا، اس پاکستان کا حامی ہوں جس میں محمود و ایاز ایک صف میں نظر آئیں۔