لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر کی تقسیم کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کو طے شدہ منصوبے کے تحت ختم کیا گیا ہے، بھارت کے اس اقدام کے نتیجے میں خطہ جنگ کی زد میں آسکتا ہے، ہمیں جارحانہ طرزعمل اپنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، مقبوضہ کشمیر کی صورت حال انتہائی نازک ہے، کشمیری قیادت نظر بند ہے یا جیلوں میں ہیں، کشمیری کی خصوصی آئینی حیثیت کو ختم کرنے کے باعث کشمیر کی بین الاقوامی حیثیت میں تبدیلی آگئی ہے اب یہ جنگ زدہ علاقہ بن گیا ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنا شملہ معاہدہ اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔
مزید پڑھیں : بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پارلیمںٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرنا خوش آئند ہے، سیاسی جماعتیں سیاسی معاملات کے برعکس کشمیر کے معاملے پر ایک ہوں۔
سراج الحق نے کہا کہ بھارت کے اس اقدام کے سبب افغانستان میں امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچے گا، بھارت نے یکطرفہ اقدامات کرنے خود اعلان جنگ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیریوں کی حفاظت کے لیے ہر وہ اقدام کرے جو بس میں ہے، حکومت کشمیر کے معاملے پر بین الاقوامی مہم شروع کرے اور سلامتی کونسل میں بھی جائے، او آئی سی اجلاس اور کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس مظفرآباد میں بلائی جائے۔