اسلام آباد : سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا ہے کہ موبائل کمپنیاں نائٹ پیکجز کے ذریعے پاکستانی صارفین کو لوٹ رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے سینیٹر طاہر مشہدی نے آج موبائل فون پر کالز اور ایس ایم ایس پیکجز کے خلاف تحریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیلولر کمپنیاں اپنے مختلف پیکجز سے پاکستانی صارفین کو بے وقوف بنا رہی ہیں اور عوام کولوٹ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی کمپنیوں کےنائٹ پیکجز بھی قابل اعتراض ہیں جس سے نوجوانوں میں بے راہ روی پھیل رہی ہے اور نوجوان طلبا و طالبات مطالعے کے بجائے ساری رات موبائل فون پر باتیں کرتے ہوئے اور ایس ایم ایس کرتے گزار دیتے ہیں۔
سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ غیرملکی سیلولر کمپنیاں پیسہ ملک سے باہر لے جا رہی ہیں اور ہمارے نوجوانوں کو لت میں ڈال کر ان کے وقت ضائع کرنے میں مصروف ہیں اس لیے سیلولر کمپنیوں کے پیکجز کی مانیٹرنگ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون سب کی ضرورت ہے اور فوری رابطے کا واحد ذریعہ بھی ہیں جس کے باعث حادثات کے موقع پر ایک دوسرے سے اور ریسکیو اداروں سے بھی رابطہ ممکن ہو جاتا ہے تاہم موبائل کال پیکجزسمجھ سے بالاتر ہیں۔