اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ ہم ایسا عمل کریں گے جس کے نتیجے میں مولانا فضل الرحمان جیل جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال کا کہنا تھا کہ ’مولانا کا احتساب ہوگا اور ہم اُن کو جیل بھیجیں گے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’مولانا صاحب کہتے ہیں، میں کسی کوجواب دہ نہیں ہوں مگر ہم ایساعمل کریں گے جس کےنتیجےمیں مولانا جیل جائیں گے‘۔ ولید اقبال کا کہنا تھا کہ ’مولانا کہتے ہیں مجھ پر کوئی ہاتھ نہیں ڈال سکتا، ہم نیب کوثبوت دیں گےجس کے بعد مولانا کو لازمی جیل جانا ہوگا‘۔
پی ڈی ایم کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ ’میں 6 ماہ سے کہہ رہا ہوں کوئی استعفیٰ نہیں آئے گا، لانگ مارچ کا جو نتیجہ سوچا جارہا ہے وہ کبھی اور کسی صورت نہیں نکلےگا‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’متبادل قیادت ڈھونڈنےسےمتعلق باتیں غیرسنجیدہ ہیں، عوام ہم سے خوش ہیں یا نہیں، اس کا فیصلہ پانچ سال بعد وہ ووٹ کے ذریعے کردیں گے اور اسمبلیوں میں حلیف فیصلہ کریں گے‘۔