پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار سجاد کشور 89 سال کی عمر میں آج راولپنڈی میں انتقال کر گئے ہیں۔
معروف اداکار کے اہل خانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سجاد کشور وفات پاگئے ہیں۔ نماز جنازہ آج رات راولپنڈی کے شاہ دی ٹالیاں قبرستان میں ادا ہوگی۔
سجاد کشور پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار تھے۔ ”آخری شب، وارث“ سجاد کشور کے مشہور ٹی وی سیریلز ہیں اور ”آئینہ، مہربانی، زندگی، خدا کے لیے“ وغیرہ سجاد کشور کی فلمیں ہیں۔
خیال رہے کہ 2020 میں ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار سجاد کشور کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق مسلح ڈاکو اداکار سجاد کشور کے گھر کا صفایا کرکے فرار ہوگئے۔
پولیس نے کہا تھا کہ مسلح ملزمان گھر سے سونا، نقدی، قیمتی سامان اور موبائل فونز لوٹ کر لے گئے۔
ادکار سجاد کشور کا کہنا تھا کہ مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر پہلے ہم سب کو یرغمال بنایا، میں بیٹی کے گھر پر رہتا ہوں اور بیٹے کی شادی کے لیے سونا رکھا ہوا تھا ڈاکو وہ بھی لے گئے۔