بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

سینیئر اداکار شبیر رانا انتقال کر گئے

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان ٹی وی کے معروف اور سینیئر اداکار شبیر رانا آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے ہیں وہ طویل عرصے سے بیمار تھے۔

پاکستان ٹیلیویژن کے معروف اور سینیئر اداکار شبیر رانا طویل علالت کے بعد آج صبح کراچی میں انتقال کر گئے ہیں وہ طویل عرصے سے بیمار اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے جن کا چند سال قبل بائی پاس بھی ہوا تھا۔

شبیر رانا بیماری کے باعث گزشتہ کئی روز سے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں زیرِ علاج تھے۔ انہیں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث انہیں فوری طور پر اسپتال لایا گیا تھا۔

اداکار طویل عرصے تک ایڈورٹائزنگ انڈسٹری سے وابستہ رہے اور بطور ڈائریکٹر لاتعداد ٹی وی کمرشلز کی ڈائریکشن دی تھی۔

انہوں نے بھارت کے معروف اداکار مرحوم دلیپ کمار سے متاثر ہوکر اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تھا اور 40 سالہ فنی سفر کے دوران قومی اور نجی ٹی وی چینلز کے کئی کامیاب ٹی وی ڈراموں میں بطور کریکٹر ایکٹر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ دیکھنے والوں کو ان کی اداکاری میں دلیپ کماری کی اداکاری کی جھلک ملتی تھی۔

سینیئر اداکار کے انتقال کی خبر انکے بیٹے ازلان شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر دی۔ ایک پوسٹ میں انہوں نے اپنے والد کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ میرے والد شبیر رانا آج صبح رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے ہیں۔

 

انہوں نے اپنے مرحوم والد کیلئے فاتحہ کی درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے گھر والوں کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ ازلان شاہ نے مزید بتایا کہ انکے والد کی نماز جنازہ آج بعد نمازِ عصر رحمانیہ مسجد طارق روڈ میں ادا کی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں