اشتہار

سینئر اینکر ارشد شریف کا صدر عارف علوی کو خط

اشتہار

حیرت انگیز

سینئر اینکر ارشد شریف نے صدر  عارف علوی کو خط لکھا ہے جس میں آگاہ کیا گیا ہے کہ انہیں آئین کے تحت دیے گئے حقوق اور فرائض سے غیر قانونی طور پر روکا جارہا ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق سینئر اینکر ارشد شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستان کے قانون پسند شہری کی حیثیت سے انصاف اور تحفظ کا خواہاں ہوں لیکن مجھے آئین کے تحت دیے گئے حقوق اور فرائض سےغیر قانونی طور پر روکا جارہا ہے اور بعض بے ضمیر عناصر کی جانب سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ارشد شریف نے اپنے خط میں صدر مملکت کو آگاہ کیا ہے کہ انہیں جھوٹے اور من گھڑت مقدمات میں ملوث کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مجھ سمیت دیگر صحافیوں کو اغوا، تشدد، جبری گمشدگی کی کوشش کی جارہی ہے، ہماری زندگیوں اور بنیادی حقوق کوان عناصر سے خطرہ لاحق ہے، عمران ریاض، عارف حمید، صابر شاکر، معید پیرزادہ ودیگر کیخلاف بھی یہی منصوبہ بندی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے صدر کو بتایا ہے کہ مذموم عزائم پر مایوسی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، چیف جسٹس ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے بھی غیر قانونی گرفتاری پر تحفظ فراہم کیا ہے جب کہ نجی شہریوں کی شکایات پر متعدد مجرمانہ مقدمات درج کیے گئے ہیں، خدشہ ہے کہ درخواست گزاروں کیخلاف فوجداری مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالت نے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے درخواست گزاروں کی آزادی میں کمی نہ کریں اور عدالت نے یہ بھی کہا کہ اجازت لیے بغیر دوسرے صوبوں کے حکام کے حوالے نہ کریں، صدر کی حیثیت سے آپ نے صحافیوں کو سنگین خطرے پر وزیراعظم کے نام خط لکھا، سینیٹ کی اطلاعات کمیٹی نے صحافیوں کیخلاف ایف آئی آرز کی آزادانہ تحقیقات کی ہدایت کی جب کہ سینیٹر مشاہد حسین سید نے سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی میں سیاسی بنیاد پر کیسزکی مذمت کی۔

ارشد شریف کا اپنے خط میں یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کیخلاف انتقامی کارروائیوں پر بین الاقوامی صحافتی تنظیموں نے بھی مذمت کی ہے۔ 25 مئی کو نیویارک میں قائم صحافیوں کی کمیٹی نے 4 صحافیوں کیخلاف متعدد مقدمات کی مذمت کی، نیویارک جرنلسٹس کمیٹی کا مطالبہ ہے کہ پاکستانی حکام صحافیوں کی گرفتاری اور انہیں نشانہ بنانے سے باز رہیں جب کہ 6 جولائی کو ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی صحافیوں پر تشدد اور مقدمات پر تشویش کا اظہار کیا۔

سینیئر اینکر نے خط میں کہا ہے کہ صحافت کوئی جرم نہیں ہے اور اس کے ساتھ ایسا سلوک بند ہونا چاہیے، میں معلومات آپ کے نوٹس میں لا رہا ہوں تاکہ قانون پسند شہری کی حیثیت سے تحفظ دیا جا سکے، مکمل انصاف کے لیے آئین میں درج صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

سینیئر صحافی ارشد شریف نے صدر مملکت کے علاوہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کو بھی خط بھجوا دیا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں