ملتان: دورہ پاکستان پر موجود ویسٹ انڈیز ٹیم کے اینالسٹ سیتارام کو طبیعت خرابی کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے اینالسٹ ایونیش سیتا رام کی آج اچانک طبیعت خراب ہوگئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر ملتان کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا، ویسٹ انڈیز کے ڈاکٹر ڈیزن بھی نجی اسپتال میں موجود ہیں۔
ویسٹ انڈیز ٹیم کے اہم رکن کو اسپتال منتقل کرنے کی خبر ملتے ہی پولیس بھی حرکت میں آئی اور حفاظتی اقدامات کے تحت نجی اسپتال پہنچی اور وارڈ کو گھیرے میں لیتے ہوئے آمدروفت کو مکمل طور پر بند کردیا۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ رات بھر معدے میں تکلیف اور ڈی ہائیڈریشن کی شکایت کرنے والے ٹیم کے سینئر تجزیہ کار اوینیش سیتارام کو مانیٹرنگ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ٹیم اینالسٹ کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
After experiencing stomach discomfort and sickness overnight, the Senior Men’s Team Analyst, Avenesh Seetaram has been admitted to the hospital in Multan for monitoring and rehydration.
WI wish him a speedy recovery! #MenInMaroon #PAKvWI pic.twitter.com/QtJHO81iV1
— Windies Cricket (@windiescricket) June 11, 2022
واضح رہے کہ ملتان ریجن ان دنوں سخت گرمی کی لپیٹ میں ہے، پہلے ایک روزہ میچ کے دوران امپائر علیم ڈار بھی ڈی ہائیڈریشن کا شکار ہوکر میدان سے باہر چلے گئے تھے جبکہ گذشتہ روز ہونے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں انہوں نے تھرڈ امپائر کی ذمے داریاں ادا کی تھی۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں سیاسی حالات کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیموں کے درمیان کھیلی جارہی ون ڈے سیریز کو ملتان منتقل کیا گیا تھا، سابق کرکٹرز کی جانب سے بورڈ کے اس فیصلے پر تنقید بھی کی گئی تھی۔