اپوزیشن جماعتوں کو متحد کر کے ایک پلیٹ فارم پر لانے کیلیے اہم سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سرگرم ہو گئے ہیں۔
ملک میں سیاسی افراتفری عروج پر ہے۔ حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کے باوجود بے یقینی کی کیفیت برقرار اور دونوں فریقین میں بد اعتمادی نے شکوک وشبہات کو جنم دیا ہوا ہے۔
ایسے میں اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کے لیے سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی سرگرم ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور میں پیر پگارا صبغت اللہ سے مشیر کے پی حکومت بیرسٹر سیف اور محمد علی درانی نے ملاقات کی ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق اہم مشاورت کی گئی اور باہمی رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بیرسٹر سیف نے پیر پگارا کو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔ پیر پگارا نے عمران خان کے لیے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کا پیغام دیا اور اپوزیشن اتحاد کو وقت کی ضرورت قرار دیا، جب کہ بیرسٹر سیف نے کہا کہ پیر پگارا قابل احترام شخصیت ہیں، جن کی سیاسی بصیرت کی ملک کو ضرورت ہے۔
پیر پگارا نے اپوزیشن کو قریب لانے میں محمد علی درانی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں باہمی رابطوں کے لیے اپنا کردار بڑھائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کا گرینڈ الائنس بنانے کے لیے محمدعلی درانی آئندہ چند روز میں حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے قائدین سے بھی ملیں گے۔
بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں ’’مشورہ‘‘ دوں گا کہ ….؟ علی محمد خان نے بتا دیا