کراچی: قومی ایئرلائن میں سینیارٹی لِسٹ کو نظر انداز کرتے ہوئے 11 نمبر پر موجود افسر کو چارج دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں سینیارٹی میں نمبر گیارہ پر موجود افسر کو قائم مقام چیف ہیومن ریسورسز افسر کا چارج دے دیا گیا۔
قائم مقام سی ایچ آر او کی پوسٹ کے لیے اطہر حسین کو 10 سینئر اور زائد ملازمت کے حامل افسران پر ترجیح دی گئی، جب کہ سینیارٹی لسٹ کے مطابق جی ایم ایچ آر ایم اطہر حسین سے کہیں زائد تجربے کے حامل افسران کو قائم مقام چارج دینے سے مبینہ طور پر گریز کیا گیا۔
اطہر حسین کی تعیناتی ایئر کموڈور عامر الطاف کی ایئر فورس واپسی پر عمل میں لائی گئی ہے، عامر الطاف سابق سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کے ساتھ ایئر فورس سے ڈیپوٹیشن پر پی آئی اے میں آنے والی ٹیم کا حصہ تھے۔
عامر الطاف 21 فروری کو ڈیپوٹیشن پوری ہونے پر ایئر فورس واپس چلے گئے ہیں، ان کی پی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کی مدت میں توسیع بھی دی گئی تھی۔
ترجمان پی آئی اے کا مؤقف ہے کہ سینیارٹی مقدم ہے، تاہم اطہر حسین کو متعلقہ شعبے میں تجربے کا حامل ہونے کے باعث قائم مقام سی ایچ آر او تعینات کیا گیا ہے۔