کراچی: سندھ حکومت نے احساس پروگرام کے تحت مستحقین کی امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا، ملوث افراد کی گرفتاری کا بھی حکم جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے امدادی رقم میں کٹوتی کرنے والوں کی گرفتاری اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے مستحقین کی امدادی رقم سے کٹوتی کو مسترد کردیا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ نوسرباز اور چیٹر عوام سے 500روپے وصول کررہے ہیں، سندھ حکومت کبھی برداشت نہیں کرے گی، اگر کوئی افسر اس میں ملوث پایا گیا تو اسے نوکری سے برطرف کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کا جو طریقہ کار ہے اس سے کرونا بڑھے گا، ہمیں وفاقی حکومت کی جانب سے تنگ کیا جارہا ہے، مرادعلی شاہ نے لاک ڈاؤن پر تمام وزرائے اعلیٰ سے رابطے کا فیصلہ کیا، لاک ڈاؤن پر وزیراعظم اور وفاقی وزرا سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
احساس پروگرام، مستحقین کی امدادی رقم میں کٹوتی، رینجرز کا ایکشن
واضح رہے کہ اے آر وائی نیوز نے مستحقین کو دی جانے والی امداد میں کٹوتی کی خبر نشر کی تھی، ایس ایس پی کی ہدایت پر درج مقدمے میں 2 نامعلوم سمیت 4 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ادھر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوگوں میں رقم تقسیم سے متعلق سندھ حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے، گھوٹکی، بدین اور عمر کوٹ میں گرفتاریاں اور مقدمے درج کیے گئے ہیں، پیسے کاٹنے سے متعلق ہمیں بھی شکایات ملی تھیں جس پر ایکشن لیا ہے۔