اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

امریکا: ٹک ٹاک اور دیگر ایپس بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ٹک ٹاک اور دیگر چینی ایپ بند کرنے کے لیے 15 ستمبر کی ڈیڈ لائن ہے، لوگ کہتے ہیں چین اور روس انتخابات پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، اوباما نے انتخابات کی شفافیت کے لیے کچھ نہیں کیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق میڈیا کانفرنس سے خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں امریکیوں کے لیے ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے حق میں نہیں ہوں، پوسٹل سروس کو ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے لیے پیسے نہیں دیے جا سکتے، پوسٹل سروس کو ساڑھے 3 ارب ڈالرز صرف ووٹنگ کے لیے چاہیے، شمالی کوریا، روس، چین اور دیگر ممالک ڈاک کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کرا سکتے ہیں۔

امریکی صدر نے اپنے صدارتی حریف جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا سویا ہوا بائیڈن لوگوں کو تہہ خانوں میں بند کرنا چاہتا ہے، ڈیموکریٹس اور میرا منشور بہت مختلف ہے، جوبائیڈن میڈیا سے کبھی سوالات نہیں لیتے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹ سرحدیں کھلی رکھنا چاہتے ہیں، جس کی سرحدیں کھلی ہوں وہ ملک نہیں ہوتا، 290 میل دیوار مکمل ہو چکی ہے، جوبائیڈن جرائم پیشہ افراد کو امریکا آنے دینا چاہتا ہے۔

انھوں نے کہا میں اسکولوں کو بند رکھنے کے حق میں نہیں، لوگوں کو ماسک پہننے کا کہنا حب الوطنی ہے، امریکیوں سے درخواست کروں گا کہ ماسک ضرور پہنیں، لوگوں کو سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔

ٹرمپ کا کہنا تھا تمام ریاستوں کی اپنی حکمت عملی ہے، ہم سائنسی ریسرچ پر مبنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، آئندہ سال شاید ہم پچھلے سال سے بھی زیادہ مضبوط ہوں، امریکا میں اموات میں بڑی تعداد میں کمی آ رہی ہے، ڈیموکریٹ جوبائیڈن ہر معاملے پر سیاست کر رہا ہے، وائرس کو عقل مندی سے شکست دیں گے، تہہ خانوں میں بند ہو کر نہیں، کرونا کی 3 ویکسین حتمی مراحل میں ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں