ٹوکیو : کشتی رانی کی سربیائی ٹیم کے ایک رکن کا ٹوکیو کے ہانیدا ہوائی اڈے پہنچنے کے بعد کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آ گیا ہے۔
یہ دوسرا وفد ہے جس کے رکن کا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ قبل ازیں گزشتہ ماہ یوگنڈا کی ٹیم کے دو ارکان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
چپّو سے کشتی رانی کا کھلاڑی جو عمر کے 30 کے پیٹے میں ہے، اُس کا ہوائی اڈے کے ایک قرنطینہ مرکز میں وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا۔ اُس کی ٹیم کے چار ساتھی کھلاڑیوں کو متاثرہ شخص سے قریبی رابطے والے افراد قرار دے دیا گیا ہے۔ تمام ارکان کو دو ہفتوں کے قرنطینہ کے تحت رکھا جا چکا ہے۔
بحیرۂ جاپان کے ساحل پر واقع تویاما پریفیکچر کا ’نانتو‘ شہر سربیائی ٹیم کی کھیلوں سے قبل کی تربیت منسوخ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس کی اُسے 18 جولائی تک میزبانی کرنی تھی۔