کراچی : سیرین ایئر لائن نے فضائی آپریشن کے تین سال مکمل ہونے پر بیرون ملک آپریشن کی تیاریاں شروع کر دیں ہیں، ابتدائی طور پر جدہ مدینہ اور یو اے ای کے لئے پروازیں آپریٹ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی مسافروں کے لئے خوشخبری آگئی، سیرین ایئر لائن کے فضائی آپریشن کے تین سال مکمل ہو گئے، جس کے بعد نجی فضائی کمپنی سیرین ایئر لائن کی جانب سے بیرون ملک آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی گئیں ہیں۔
بیرون ملک کے ٖفضائی آپریشن کے لئے جلد تین طیارے ڈرائی لیز پرحاصل کئے جائیں گے ، بوئنگ 800-737 طیارے سیرین ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں شامل کئے جائیں گے ، سیرین ایئر لائن کے پاس اس وقت اندرون ملک کے لئے پہلے سے 3 طیارے موجود ہیں۔
سیرین ایئر بیرون ملک کے لئے ابتدائی طور پر جدہ مدینہ اور یو اے ای کے لئے پروازیں آپریٹ کرے گی۔
ترجمان سی اے کا کہنا ہے کہ نئی فضائی کمپنی پہلے مرحلے میں 3 طیاروں کے ساتھ ایک سالہ مدت تک اندرون ملک کا آپریشن کرتی ہے، نئی ایوی ایشن پالیسی میں نجی فضائی کمپنیوں کو آپریشن کے لئے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ نئے بین الااقوامی فضائی روٹس کے آغاز سے ایوی ایشن انڈسٹری میں مقابلے کا رجحان پیدا ہو گا۔