پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہوگی قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے ہوٹل میں رپورٹ کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان رواں ماہ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی جس کے لیے کیوی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے۔
سیریز کے لیے اعلان کردہ پاکستانی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی عید کی تعطیلات اپنے گھروں میں گزارنے کے بعد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں اور ہوٹل میں رپورٹ کر دیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہرمحمود آج اسلام آباد پہنچ کر ٹیم جوائن کریں گے جب کہ گرین شرٹس آج شام سے پریکٹس سیشن کا آغاز کرے گی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔ ابتدائی تین میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے اور آخری دو میچز کی میزبانی قذافی اسٹیڈیم لاہور کرے گا۔