کراچی : پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری کا کہنا ہے کہ اگر حملے کی پیشگی اطلاعات تھیں تودرگاہ شاہ نورانی پرحفاظتی انتظامات کیوں نہیں کیے گئے۔
ثروت اعجاز قادری کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ بلاول شاہ نورانی کےمزار پردھماکےسے حکومتی بےحسی ظاہر ہوتی ہے نہ سیکیورٹی کے انتظامات تھے اور نہ ہی طبی سہولیات دستیاب تھیں۔
اسی سے متعلق : درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا،65افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی
انہوں نے کہا کہ شاہ نورانی کی درگاہ کی زیارت کے لیے لوگوں کی کثیر تعداد روزانہ مزار آتے ہیں اور ہفتے اور اتوار کو سب سے زیادہ رش ہوتا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ایسے تاریخی مزار کی حفاظت اور سہولیات کی فراہمی کے لیے کوئی اقدام نہیں اُٹھائے گئے۔
ثروت قادری نے کہا کہ بلوچستان حکومت کا دعوی ہے کہ صوبے میں کود کش بمبار کے داخلے اور حملے کی پیشگی اطلاع تھی تو پھر سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیوں نہیں کیے گئے اگر اقدامات کر لیے جاتے تو اتنی جانوں کا ضیاع نہ ہوتا۔
ثروت قادری نے مزید کہا کہ مزارات سے سالانہ کروڑوں روپےآمدن ہوتی ہے اس کے باوجود محکمہ اوقاف نہ تو کوئی سہولیات مہیا کرتا ہے اور نہ صوبائی حکومت سیکورٹی دیتی ہے انہوں نے کالعدم تنظیموں پر عائد پابندی کوموثربنانے کامطالبہ بھی کیا۔