کراچی : وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزارتِ پانی و بجلی کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کو بجلی نہیں دے سکتے تو یہاں سے چلے جائیں۔
وہ سندھ اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے، انہوں نے حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی کے حوالے سے عوامی شکایات پر کان نہ دھرنے پر دونوں اداروں کو آڑے ہاتھوں لیا۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حیسکو اور سیپکو ہمارے صوبے کو بجلی نہیں دے سکتےتو اپنا سامان اٹھائیں اور یہاں سے چلے جائیں کیوں کہ یہ دونوں ادارے عوام کے لیے مفید ہونے کے بجائے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے وفاق کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے سندھ کو درکار وسائل سے محروم اور اختیارات استعمال کرنے سے سے روکا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاق وزارت پانی و بجلی سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہا ہے جب کہ وزیر مملکت موصوف الٹا سندھ کے باسیوں پر ہی برس پڑتے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے سندھ میں بجلی کے بحران کی ذمہ داری سندھ حکومت پر ڈالتے ہوئے سخت تنقید کا مظاہرہ کیا تھا۔