اسلام آباد: طیبہ از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سیشن جج کی اہلیہ کے ہمراہ آنے والے افراد نے میڈیا سے بد تمیزی کا مظاہرہ کیا اورصحافیوں کو دھکے دیے۔
تفصیلات کے مطابق طیبہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت سے قبل عدالت کے احاطے میں بدمزگی کے مناظر رونما ہوئے۔ سیشن جج کی اہلیہ جو کیس میں نامزد ملزمہ ہیں عدالت آئیں تو ان کے ہمراہ دس سے پندرہ افراد تھے۔
ان افراد نے خاتون کو اپنے حصار میں لیا ہوا تھا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے بد تمیزی کا مظاہرہ کیا اور صحافیوں کو دھکے دیے۔ ایک نجی نیوز چینل کے صحافی سے اس کا موبائل فون تک چھین لیا گیا۔
صحافیوں کے سوال کرنے پر سیشن جج کی اہلیہ کے ہمراہ آئے افراد میں سے ایک نے اپنے آپ کو سرکاری افسر ظاہر کرتے ہوئے خاتون کے گارڈ ہونے کا دعوی کیا۔
بعد ازاں پولیس کی مداخلت سے معاملہ رفع دفع ہوگیا۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ میں طیبہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سیشن جج کے گھر تشدد کا نشانہ بننے والی طیبہ کو پیش کیا گیا۔ کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے طیبہ کو سوئیٹ ہوم کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔