پشاور :ڈی آئی خان سے گزشتہ روز اغواء ہونے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاکر اللہ مروت کو بازیاب کروالیا گیا انہیں گزشتہ روز اغواء کیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے اغواء کیے جانے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاکر اللہ مروت کو سی ٹی ڈی نے بازیاب کرالیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ جج شاکر اللہ مروت بخیریت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، ان کو غیرمشروط طور پربازیاب کرایا گیا۔
اس حوالے سے مشیراطلاعات بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ جج شاکر اللہ کو بازیابی پر مبارکباد دیتا ہوں صوبائی حکومت سیکیورٹی فورسز سے مل کر دہشت گردی سے نمٹ رہی ہے اور امن وامان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس سے قبل مغوی سیشن جج وزیرستان شاکر اللہ مروت کا نامعلوم مقام سے ویڈیو پیغام بھی سامنے آیا تھا جو سوشل میڈیا پر زیرِگردش ہے۔
ویڈیو پیغام میں جج شاکر اللہ مروت کہہ رہے ہیں کہ کالعدم طالبان انہیں اغوا کر کے ایک جنگل میں لے گئے ہیں اور ان کے مطالبات پورے ہونے تک رہائی ممکن نہیں۔
دوسری جانب ڈی آئی خان ٹانک روڈ سے سیشن جج کے اغوا کا مقدمہ پشاور کے تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سیشن جج شاکر اللہ مروت کو ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سنگم پر واقع گرہ محبت اڈہ کے مقام سے اغوا کیا گیا تھا۔
نامعلوم مسلح افراد نے جج شاکر اللہ مروت کو اغوا کرنے کے بعد ان کی گاڑی کو آگ لگا دی تھی اور ان کے گن مین اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا تھا۔