لاہور: پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے دوٹوک موقف اپنایا ہے کہ ایشیا کپ کے لیے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آئی تو ہم بھی بھارت نہیں جائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بھارتی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ سیاسی بنیاد پر باقی ٹیموں کو پاکستان میں کھیلنے سے روکے گا تو پھر ایشین کرکٹ کونسل نہیں چل سکتی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارت کو پاکستان میں نہیں ہمیں بھارت میں خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں ایشیا کپ نہیں کھیل سکتا تو وہ اپنے میچز نیوٹرل ویونیو پر کھیلے لیکن اگر ایسا ہوا تو ہم بھی ورلڈ کپ کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلیں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آتی تو ورلڈ کپ میچز بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہوں گے اور اس ماڈل کے تحت پاکستان کے ورلڈ کپ کے میچز بنگلہ دیش میں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نیوٹرل وینیو ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہے ہمیں ٹورنامنٹ کے گیٹ منی کی مد میں ملنے والے پیسوں میں حصہ چاہیے۔