اسلام آباد : ملک بھرمیں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا،115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا، آج سے سات روزہ پولیو مہم چلائی جائے گی، جس میں 115 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قابل ٹیم کی نگرانی میں مہم شروع ہورہی ہے، مجھے امید ہے پولیو کا پاکستان سے خاتمہ ہوجائے گا، وفاق اور صوبائی حکومتیں ملکر اس مہم کو مؤثر بنائیں گی،یقین ہے اجتماعی کوششوں سے وطن کو پولیو سے پاک کریں گے۔
پنجاب میں کے مختلف شہروں پر ماحولیاتی نمونے میں پولیو وائرس پائے جانے پر پندرہ اضلاع میں آج سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے، سربراہ پنجاب پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہےکہ مہم کے دوران ترجیحی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
مہم میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد،چکوال، اٹک، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور راجن پور شامل ہیں۔
انسداد پولیو ٹیمیں گھر گھر قطرے پلانے میں مصروف ہیں ، سربراہ پنجاب پولیو پروگرام خضر افضال کا کہنا ہے کہ مہم میں ایک کروڑ 39 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے، عوام پولیو ٹیموں سے تعاون کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہم کے آغاز پر پیغام میں کہا کہ پنجاب میں پولیوکے10فیصدخاتمےکاہد ف پوراکریں گے، والدین بچوں کو پولیو کے خاتمے کیلئےقطرے ضرور پلائیں۔