سرگودھا: صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ذہنی مریض نے فائرنگ کرکے اپنے خاندان کے 7 افراد کو موت کے گھاٹ اتار کر خود بھی خودکشی کرلی۔
تفصیلات کے مطابق سرگودھا کی تحصیل ننکانہ صاحب میں گھریلو جھگڑا 7 افراد کی جان لے گیا، قتل کی لرزہ خیز واردات نواحی علاقے لکسیاں میں پیش آئی، نوردین نامی شخص نے اپنے پیاروں پر گولیاں برسادیں۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں بھائی، دو بھتیجے، اور تین بھابیاں شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ گھریلو جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا، مقتولین اور ملزم ایک ہی خاندان سے ہیں۔
مزید پڑھیں: سرگودھا: ٹیچر کا 8 سالہ طالبہ پر تشدد، سر کے بال کاٹ دیے
افسوسناک واقعے میں جاں بحق افراد میں سے دو کی شناخت 50 سالہ محمد طفیل، 40 سالہ مجیدہ بی بی کے ناموں سے ہوئی ہے، دیگر افراد کی عمریں 16 سے 20 برس کے درمیان ہیں۔
ضابطے کی کارروائی کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ قاتل نور دین ذہنی مریض ہے، آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی۔