سکھر: باگڑجی میں ڈاکوؤں کے دو گروپوں کے خونی تصادم میں ہلاک افراد کی تعداد سات ہوگئی، مرنے والوں میں چھ افراد کا تعلق ایک ہی گروہ سے تھا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں باگڑجی تھانے کے علاقے سعید آباد کے کچے میں عطرانی جتوئی برادری کے دو گروپوں میں زمین کے دیرینہ تنازع پر جھگڑا ہوا۔
فائرنگ کے نتیجے 7 افراد جان حق ہوگئے، مرنے والوں میں چھ افراد کا تعلق ایک ہی گروہ سے تھا، جس میں تین بھائی، باپ، بیٹا اور پوتا شامل ہیں جبکہ مرنے والوں میں دوسرے گروپ کا بابو جتوئی شامل ہے۔
پولیس نے بتایا کہ رمضان عطرانی گروپ کے لوگ زمیں پر کام کر رہے تھے اور مویشیوں کو چارہ دے رہے تھے کہ یعقوب عطرانی گروپ کے لوگوں نے گھات لگا کر فائرنگ کردی ، جس کے نتیجے میں تین سگے بھائیوں میھر ، چھتل اور راجہ عطرانی موقع پر جانبحق ہوگئے جبکہ فائرنگ میں زخمی ہونے والا مقتولین کا بھانجہ واجد بھی راستے میں دم توڑ گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں دوسرے گروپ کا بابو جتوئی بھی گولی لگنے سے جانبحق ہوگیا، فائرنگ سے ہلاک تمام 7 افرادسنگین مقدمات میں مطلوب تھے، جن میں قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے کیسز شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں گروپوں میں دیرینہ زمین کے تنازعہ چل رہا ہے کچھ عرصہ قبل بھی دونوں گروپوں کے درمیان جھگڑے میں تین افراد جانبحق ہوچکے ہیں۔
واقعے کی اطلاع کے بعد پولیس جائے وقوعہ کی طرف روانہ ہوچکی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں جاری فائرنگ کو بند کرواکے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جائے گا۔