کراچی: امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کی عالمی کانفرنس کے موقع پر پاکستانی صنعت کار بین الاقوامی تجارتی شخصیات اور امریکی حکام سے ملاقات کریں گے، صنعتی شعبے سے وابستہ 7 بڑی پاکستانی کمپنیاں 18 تا 20 جون واشنگٹن ڈی سی میں یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کریں گی۔
اس بات کا اعلان آج امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کیا۔ امریکی سفیر نے کہا کہ یہ کانفرنس امریکا میں اپنی نوعیت کی سب سے بڑی اور اہم کانفرنس ہے، پہلی دفعہ عالمی معیار کی حامل پاکستانی کمپنیاں ’’سلیکٹ یو ایس اے انوسٹمنٹ سمٹ‘‘ میں شرکت کریں گی۔
انہوں نے بتایا کہ سمٹ دونوں ممالک کے درمیان گہرے معاشی روابط کی جانب ایک اہم قدم ہے، پاکستانی کمپنیوں کی صلاحیت اور بین الاقوامی پھیلاوٴ بشمول امریکا میں دلچسپی کے مد نظر پاکستان کو سلیکٹ یو ایس اے کے لیے ایک ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر منتخب کیا گیا ہے، بہت سی پاکستانی کمپنیوں نے حال ہی میں امریکا میں تجارت کا آغاز کیا ہے۔
امریکی وزیر تجارت ولبر راس نے کہا کہ امریکا معاشی بحالی کے ایک نئے دور سے گزر رہا ہے یہ ایک بہترین وقت ہے جب بین الاقوامی کمپنیاں امریکی منڈی میں شراکت دار تلاش کریں جو نئی منڈی میں انہیں قدم جمانے اور کاروبار میں اضافے میں مدد گار ثابت ہوں اور ایسے تعلقات بنانے کے لیے یہ سربراہ کانفرنس ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
خیال رہے کہ اب تک امریکا کی 51 ریاستوں اور 65 بین الاقوامی کمپنیوں نے 2017ء سمٹ کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔