اسلام آباد : اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بغیر ٹینڈر اشتہار 7 دکانیں چہیتوں کو الاٹ کر دی جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر صرف برانڈڈ فوڈ آؤٹ لیٹس دستیاب ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بغیر ٹینڈر اشتہار 7 دکانیں چہیتوں کو الاٹ کر دی،12 لاکھ ماہانہ کرایہ کی ایک دکان 48 ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر دے دی اور 7 دکانوں کا ماہانہ کرایہ 8 لاکھ 40 ہزار کی بجائے 3 لاکھ 36 ہزار روپے ماہانہ کرایہ پر لگا دیا۔
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلے سے 12 لاکھ ماہانہ کرایہ پر دکانیں لگی ہوئی ہے، مختلف کمپنیوں کی جانب سے 12 لاکھ سے زائد کرایہ پر دکانیں لینے کی سول ایوی ایشن کو پیشکش کرچکے ہیں جبکہ 12 لاکھ ماہانہ پر پہلے سے لگی دکان مالکان نے وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کو خط لکھ دیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے اے آر وائی نیوز کی دکانیں کرایہ پر دینے کی خبر پر وضاحت دیتے ہوئے کہا اسلام آباد ائیرپورٹ پر صرف برانڈڈ فوڈ آؤٹ لیٹس دستیاب ہیں ، طویل مدتی بنیاد پر تجارتی مراعات کے تصفیے کے التوا کے فیصلے کی وجہ سے عبوری بنیاد پر ماسٹر ریٹیلر کو لائسنس ملا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہالوں اور کار پارکنگ میں مسافروں اور دوسرے لوگوں کے لیۓ کھانے پینے کی دکانیں / کھوکھے نہیں ہیں، اس سلسلے میں ، سی اے اے اور سٹیزن پورٹل پر بھی متعدد شکایات آٰئیں، مسافروں اور عام لوگوں کی تکلیف کے ازالے کے لئے فوری طور پر بنیادی اشیاء صارفین کو مناسب قیمتوں کے ساتھ فراہم کرنے کے لئے سی اے اے نے ایم آر لائسنسری کو یہ ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا۔
ایوی ایشن ڈویژن کے مطابق ایم آر لائسنسری کھانے کے کھوکھوں کو ہالوں اور کار پارکنگ ایریا میں تیار کریں، قیمتیں سی اے اے کے منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق ہوں گی، سی اے اے صرف 275 روپے فی مربع فٹ جگہ فراہم کرے گی، کرایہ ویسے ہی لیا جائے گا جیسے لاؤنجز میں برانڈڈ فوڈ آؤٹ لیٹس سے وصول کیا جاتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ منظوری عارضی ہے اور صرف 06 ماہ کی عبوری مدت کے لئے ہے، یہ اقدام کم سے کم وقت میں مسافروں اور عام لوگوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے اٹھایا گیا ہے اور ایم آر لائسنس دہندگان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معیارات پر سمجھوتہ کے بغیر 15 دن کے اندر ان سہولیات کو دیں۔
ایوی ایشن ڈویژن نے مزید کہا ہے کہ مسافروں کے لئے اسلام آباد ائیرپورٹ پر روانگی لاؤنجز میں مفت چائے کی سہولت کی فراہمی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔