اسلام آباد : حساس اداروں نے داعش کے خلاف ملک گیر کارروائیاں کرتے ہوئے 17 افراد کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کے خلاف ملک گیر کارروائیاں جاری ہیں جس میں ملک کے مختلف علاقوں کراچی، نوشہرہ، سرگودھا، لاہور اور ڈی آئی خان سے دہشت گرد گرفتار کیے گئے ہیں۔
حساس اداروں کے مطابق گرفتار شدہ افراد سے اینکر پرسنز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی فہرست برآمد ہوئی ہے۔
ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اس فہرست پر کام کرتے ہوئے تمام افراد کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھےاور وہ داعش کے لیے اب تک 15 لاکھ روپے سے زائد بھتے کی رقم وصول کرچکے ہیں۔ گرفتار افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے اسلام آباد میں واقع نجی ٹیلی ویژن کے دفتر پر حملہ بھی کیا۔
گرفتار افراد میں عاصم عرف اسامہ، امیر اسلم عرف چھوٹو اور مجتبیٰ عرف شاکر شامل ہیں جن میں سے ایک شخص نے بیرون ملک سفر کیا اور داعش کی قیادت سے ہدایات لے کر واپس آیا۔