اسلام آباد : پاکستان میں شدید گرد آلود طوفان کی پیش گوئی کی پیش گوئی سامنے آئی ، جس کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے مغربی اور جنوبی پاکستان میں شدید گرد آلود طوفان کی پیش گوئی کردی، گرد آلود طوفان 27 مئی سے بلوچستان سمیت کئی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ گرد کی شدت 1000 مائیکروگرام فی مکعب میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے، گرد آلود طوفان سے عمارتوں، گاڑیوں اور بجلی کے نظام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے نے درخواست کی شہری درختوں، بل بورڈز اور غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں، گاڑیاں کھلی جگہوں کے بجائے محفوظ مقامات پر پارک کریں اور طوفان کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
مزید پڑھیں : آج سے 31 مئی تک موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان
خیال رہے محکمہ موسمیات کی جانب سے آج سے 31 مئی تک ملک کے مختلف علاقوں میں رواں ہفتے تیز آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق رواں ہفتے اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دیگر مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، اس لیے تیز آندھی، جھکڑ کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سندھ کے کچھ بالائی، جنوب مشرقی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہداد کوٹ، تھر، مٹھی، اسلام کوٹ میں بارش ہو سکتی ہے۔