کراچی: شہر قائد کے مشہور شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ایم ڈی کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو رپورٹ دی گئی ہے کہ شارع فیصل اور فاطمہ جناح روڈ پر گٹرز کو بڑے پتھر ڈال کر بند کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بڑے پتھروں کے باعث گٹر ابل پڑے ہیں، یہ کسی گروہ کا کام ہے جو شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹ ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گروہ کو پکڑنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اگر ایک شخص پکڑا گیا تو پورا گروپ سامنے آ جائے گا، گروہ کے خلاف کرمنل مقدمات درج کیے جائیں، کراچی کے نام نہاد مالک اور دوست شہریوں سے دشمنی میں پیش پیش ہیں۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے شہریوں کو بھی گٹر چوک کرنے والے گروہ کی نشان دہی کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ شہر میں بڑی شاہ راہوں پر جگہ جگہ گٹر ابلنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بالخصوص گزشتہ بارشوں کے بعد شہر کی اکثر سڑکوں کے گٹر ابل پڑے تھے، جن کے بارے میں اب معلوم ہوا ہے کہ ان میں بڑے پتھر ڈال کر جان بوجھ کر چوک کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بھی کراچی کی مشہور سڑکوں ایم اے جناح روڈ، سولجر بازار، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت اورنگی ٹاؤن میں بھی گٹر لائنوں کو قصداً چوک کرایا جا چکا ہے، تاہم ملوث افراد کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔