لاہور : پاکستان میں غیر واضح جنس کی تبدیلی کے پہلے سینٹر میں پہلی کامیاب سرجری کی گئی ہے، تیرہ سالہ کنزا کامیاب آپریشن کے بعد اب عبداللہ بن گئی، معروف سرجن ڈاکٹر افضل شیخ نے سرجری کی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مقامی ٹرسٹ ہسپتال میں پاکستان میں غیر واضح جنس کی تبدیلی کے سینٹر نے کام شروع کر دیا ہے، اپنی نوعیت کے اس پہلے ادارے میں تیرہ سالہ کنزا کی پہلی کامیاب سرجری کی گئی۔
یہ سرجری اپنے پیشے کے ماہر ڈاکٹر افضل شیخ نے بلامعاوضہ کی، ڈاکٹر افضل شیخ کے مطابق آٹھ ماہ قبل بیماری کے باعث کنزا کا چیک اپ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ غیر واضح جنس کی حامل ہے۔
برتھ ڈیفیکٹ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر مرزا لیاقت علی کا کہنا ہے کہ کنزا سے عبد اللہ بننے کے بعد اب اسے کچھ عرصے نگہداشت میں رکھا جائے گا اور پھر جوان ہونے تک اس کا فالو اپ جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ جنس کی تبدیلی ایک ایسا فیصلہ ہے جس کے سبب ایک انسان کی زندگی میں انقلاب آجاتا ہے اور اس تبدیلی کے بعد سے وہ جس روپ میں اس دنیا میں آتا ہے اس کا وہ روپ ہی بدل جاتا ہے یہ ایک ایسا عمل ہے جس کے سبب ایک انسان کو جسمانی اور نفسیاتی دونوں طرح سے خود کو تبدیل کرنا ہوتا ہے۔