اسلام آباد : شہر اقتدار میں ایک اور بچی کو نامعلوم ملزمان نے اپنی ہوس کا نشانہ بناکر جھاڑیوں میں ڈال دیا، چار سالہ ننھی فاطمہ کو تشویش ناک حالت میں پمز اسپتال داخل کرادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں گھر کے دروازے پر کھڑی چار سالہ فاطمہ بارش میں نہا رہی تھی کہ اس دوران غائب ہوگئی، نامعلوم سفاک ملزم نے مبینہ ذیادتی کے بعد بچی کو جھاڑیوں میں پھینک دیا۔
فاطمہ جھاڑیوں میں بے ہوشی کی حالت میں ملی، غریب والدین ننھی فاطمہ کو تشویش ناک حالت میں پولی کلینک لے کرپہنچے جہاں فوری علاج کے بجائے ٹال مٹول سےکام لیا جاتا رہا۔
بعد ازاں بچی کو تشویشناک حالت میں پمز اسپتال لے جایا گیا، جہاں اب وہ وینٹی لیٹر پر ہے، ڈاکٹرز کے مطابق فاطمہ کی گردن پر زخم اور آنکھ پر سوجی ہوئی ہے جبکہ پھپپھڑے اور سانس کی نالی متاثر ہے اسے مصنوعی طور پرسانس دلوایا جارہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کی بچی گزشتہ رات بارش دیکھنے کیلئے باہر نکلی تھی، کافی دیر تک نہ لوٹنے پر بچی کی تلاش کی تو وہ بے ہوش حالت میں قریبی جھاڑیوں سے ملی۔
اطلاع ملنے پر آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا اور متعلقہ افسران سے فوری رپورٹ طلب کرلی، میڈیا پر رپورٹ نشر ہوئی تو وزیرمملکت ڈاکٹر ظفر مرزا اورآئی جی اسلام آباد بھی اسپتال پہنچے اور بچی کی عیادت کی، آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو پورا انصاف ملے گا۔
آئی جی اور افسران کی ہدایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھاگ دوڑ شروع کر دی، پولیس کے مطابق تیس مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اکیس مئی کو بھی اسلام آباد میں گھر کے باہر سے فرشتہ نامی لڑکی کو اغوا اور زیادتی کے بعد قتل کرکے لاش جھاڑیوں میں پھینک دی گئی تھی۔