اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

شعبان المعظم کا چاند نظرنہیں‌ آیا، شب برات 29 مارچ کو ہوگی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ملک میں شعبان المعظم 1442 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، یکم شعبان 16 مارچ بروز منگل کو ہوگی جبکہ شب برات 29 مارچ کو ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں ہوا۔

رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں زونل کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی، اس دوران ملک بھر سے شہادتیں جمع کی گئیں۔

کمیٹی کے مطابق شعبان المعظم کا چاند نظر نہیں آیا اور یکم شعبان بروز منگل 16 مارچ کو ہوگی جبکہ شب برات 29 مارچ بروز پیرکو ہوگی۔

شبِ برات کی اہمیت

ماہ شعبان کی پندرھویں رات کو عام طور پر شب برات یعنی بری ہونے کی رات کہا جاتا ہے، اس رات مسلمان توبہ کرکے گناہوں سے قطع تعلق کرتے ہیں اور جہنم سے نجات پاتے ہیں، بعض روایات کے مطابق رات اللہ تعالیٰ کی طرف سے اہل ایمان کے لئے عام معافی کا اعلان کیا جاتا ہے اور اُن کے تمام گناہ معاف بھی کردیے جاتے ہیں، اسی تناظر میں اس کا نام شبِ برات پڑا۔

اس رات کو لیلۃ المبارکۃ یعنی برکتوں والی رات، لیلۃ الصک یعنی تقسیم امور کی رات اور لیلۃ الرحمۃ یعنی رحمت نازل ہونے کی رات بھی کہا جاتا ہے۔

پندرہ شعبان کو مسلمان اپنے گناہوں سے توبہ استغفار کے لئے اللہ کے حضور سر بسجود ہوتے ہیں اور خصوصی عبادات کے ساتھ اسلام کی سربلندی، وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ کے لئے بھی خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔

شب برات کی اہمیت اور فضائل کو اجاگر کرنے کے لیے علمائے کرام خصوصی مجالس کا اہتمام بھی کرتے ہیں۔اس کے ساتھ ہی اس رات کو ماننے والے اپنے عزیز و اقارب کی مغفرت کے لئے قبرستان جا کر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا خصوصی اہتمام بھی کرتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں